18

کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، ممتاز حیدر

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد کے پرنسپل و جی ایم سی کوآرڈینیٹر ممتاز حیدر نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، اگر آپ کو دنیا میں مقام حاصل کرنا ہے تو اس کیلئے تعلیم ہی وہ زینہ ہے جس کے ذریعہ آپ وہاں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، تعلیم ایسا ہنر ہے جو کبھی بھی ضائع نہیں ہوتا، موبائل سے نکل کر کتابوں کو اپنا دوست بنائیں۔

وہ اتوار کو شاہین انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج کے پوزیشن ہولڈر بچوں میں تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شاہین انٹرنیشنل سکول اینڈکالج کے ایم ڈی توصیف احمد اور پرنسپل ممتاز حیدر کو ادارہ کی جانب سے شیلڈز پیش کی گئیں۔ مہمان خصوصی ممتاز حیدر نے کہا کہ دنیا بھر میں جتنے لوگ بھی آج اعلیٰ مقام پر ہیں۔

وہ سب تعلیم ہی کے ذریعہ وہاں تک پہنچے ہیں، آج ہم تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، دنیا ہم سے بہت آگے نکل چکی ہے، آپ کا مشغلہ صرف تعلیم کا حصول ہونا چاہئے، ہم سے جو ممالک 20 سے 30 سال بہت پیچھے تھے آج علم کی بدولت ہم سے آگے نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیم نظام میں بہت سی خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں ان بچوں کو سکول لیکر آنا چاہئے جو دن بھر سڑکوں پر چھوٹے موٹے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ آخر میں نمایاں پوزیشنیں لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں