18

ایبٹ آباد میں سالانہ امتحانات نتائج کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

ایبٹ آباد ۔ برائیٹ ہال ایجوکیشن سسٹم ایبٹ آباد میں سالانہ امتحانات نتائج کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد، انٹر بورڈ ایبٹ آباد کے کنٹرولر امتحانات بابر ایاز عباسی مہمان خصوصی تھے۔

جناح آباد کیمپس میں یہ پروگرام سکول کے شاہین اور جناح کیمپس کے پلے گروپ سے دسویں جماعت تک کے طلباء و طالبات کی کامیابی پر منعقد کیا گیا تھا۔ مہمان خصوصی بابر ایاز عباسی نے برائیٹ ہال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکول انتظامیہ اور اساتذہ بچوں کے ساتھ پوری توجہ اور دلچسپی سے تعلیم و تربیت فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

جس پر والدین نے بھی پورے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور تعداد سرکاری شعبہ سے کافی زیادہ اور اچھی ہے۔ آئندہ مارچ میں ہونے والے امتحانات سے متعلق سوال کے جواب میں بابر ایاز عباسی نے کہا کہ ایس ایل او نظام 2005 سے رائج ہے۔

جس کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات ایبٹ آباد بورڈ لے گا جبکہ اس طرز امتحان کی رہمائی کے لیے بورڈ انتظامیہ ہر ممکن سہولیات مہیا کر رہی ہے۔ برائیٹ ہال ایجوکیشن سسٹم کے نام پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی کردار سازی، شخصیت سازی اور تعلیم وتربیت پر توجہ دے کر یہ ادارہ ترقی کی مزید منازل طے کر سکتا ہے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راجہ قدیر اقبال کا کہنا تھا کہ برائیٹ ہال ایجوکیشن سسٹم کی انتظامیہ اور سٹاف اپنی شاندار تعلیمی روایات برقرار رکھتے ہوئے طلباء کی تعلیم و تربیت کیلئے پوری تندہی سے مصروف عمل ہے جبکہ سکول میں نئے سال کے لیے داخلوں کا آغازکر دیا گیا ہے اور 15فروری آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

پروگرام کے آغاز میں طلباء و طالبات نے مختلف ٹیبلوز، تقاریر اور تعلیمی گیجٹس کے ذریعے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جبکہ اساتذہ بچوں کی کارکردگی سے متعلق مکمل ریکارڈ کی فائلیں سجائے والدین کو رزلٹ مہیا کرنے میں مصروف رہے۔ آخر میں مہمان خصوصی نے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد، ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کیے۔

یاد رہے کہ رواں برس ان بچوں میں سکول کے 90فیصد سے زائد نمبر لینے والے137طلباء و طالبات شامل تھے۔ اس سے پہلے جب مہمان خصوصی سکول پہنچے تو ڈائریکٹر جنرل راجہ عجب خان، ایم ڈی کم پرنسپل راجہ جمیل اقبال اور ایگزیکٹوڈائریکٹر راجہ قدیر اقبال نے ان کا استقبال کیا اور سکول کے بچوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

تقریب کے انتظامات کرنے والے سٹاف میں سکول ٹیچرز مس ثوبیہ جاوید، سیدہ زہرا اور مس لبنیٰ عظمت اپنی ٹیم کے ہمراہ نمایاں تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں