7

گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں سیف الملوک کے نئے ایڈیشن برائے سال 2022-23ءکے حوالہ سے اہم اجلاس

مانسہرہ ۔ گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ پروفیسر سید عبدالواجد شاہ کی صدارت میں کالج کے علمی و ادبی مجلہ ”سیف الملوک“ کے نئے ایڈیشن برائے سال 2022-23ءکے حوالہ سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں صدر شعبہ اردو پروفیسر ممتاز حسین، صدر شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر مفتی محمد فیصل، صدر شعبہ زوالوجی پروفیسر محمد رفیق اعوان اور کالج کے دیگر پروفیسرز نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ کالج کے تمام طلباءو طالبات اس اجلاس کا حصہ رہے اور پروفیسرز سے خوب فیض حاصل کیا۔ اجلاس کا مقصد کالج کے طلباءو طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنا اور انہیں کالج کے علمی و ادبی مجلہ ”سیف الملوک“ کی صوبہ بھر میں اہمیت و انفرادیت سے روشناس کروانا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شعبہ اردو پروفیسر ممتاز حسین نے کالج کے علمی و ادبی مجلہ ”سیف الملوک“ کی رواں سال اشاعت کیلئے طلباءو طالبات کو تخلیقی و فکری صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ”انگریزی، اردو، گوجری اور ہندکو“ زبان میں آرٹیکلز لکھنے کی ترغیب دی اور اس بات سے آگاہ کیا کہ ”سیف الملوک“ صوبائی سطح پر اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادبی مجلہ ہے ۔

جو صوبائی سطح پر تمام کالجز سے جاری ہونے والے رسائل کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکا ہے اور اس کی اہمیت و انفرادیت کو ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبہ کے تمام کالجز اور اعلیٰ افسران تسلیم کر چکے ہیں۔

صدر شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر مفتی محمد فیصل نے طلباءو طالبات سے خطاب کے دوران پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ عبدالواجد شاہ کی کالج کی تعمیر و ترقی کیلئے دیگر خدمات کے علاوہ ان کی سرپرستی میں ”سیف الملوک“ کی اشاعت اور صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا احوال بیان کیا۔

اور پرنسپل کی جاں توڑ اور شبانہ روز کوششوں اور کم وسائل کا استعمال کر کے ”سیف الملوک“ کی ملکی و عالمی سطح کی دو مرتبہ معیاری اور مثالی اشاعت برائے سال 2020-21ءاور 2021-22ءکو صوبہ بھر میں گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کی شہرت، نیک نامی اور اہمیت و انفرادیت کا ذریعہ قرار دیا اور آئندہ اشاعت کیلئے اس امید کا اظہار کیا کہ پرنسپل سید عبدالواجد شاہ کی سرپرستی میں نہ صرف یہ ادبی مجلہ صوبہ بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرے گا بلکہ ملکی سطح پر اپنی اہمیت و انفرادیت منوا کر گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کی تعمیر و ترقی کیلئے راہیں ہموار کرے گا۔

پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ پروفیسر سید عبدالواجد شاہ نے اپنے خطاب میں نہ صرف کالج کے علمی و ادبی مجلہ ”سیف الملوک“ کو روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر صوبائی سطح پر سرفہرست لانے کا عزم کیا بلکہ عالمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے شبانہ روز محنت، لگن اور ہمت و جذبہ سے اسے ملکی سطح کا ایک انفرادی میگزین بنانے کا ارادہ کیا۔

یاد رہے کہ سیف الملوک ماضی قریب میں صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام کالجز کے علمی و ادبی مجلوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن کا حقدار قرار پا چکا ہے اور شعبہ اردو سے کتاب شاعر و ادیب پروفیسر طارق جاوید کی اردو غزل صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں