مانسہرہ ۔ شہر میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے، داخلی وخارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی جائے، ڈی پی او کی ہدایت
ڈی پی او مانسہرہ عرفان طارق کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکورٹی آڈٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ انسپکٹر صداقت نثار نے ضلع کے مختلف علاقوں (داخلی و خارجی راستوں) کا دورہ کر کے وہاں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے سمیت وہاں ڈی پی او مانسہرہ عرفان طارق کی جانب سے سیکورٹی سے متعلق جاری ہدایات سے پولیس حکام کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ ڈی پی او کے حکم کے مطابق شہر میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے، شہر سے نکلنے اور داخل ہونے والے تمام راستوں پر کڑی نگرانی شروع کی جائے، ہر آنے جانے والے مشکوک افراد پر نگاہ رکھی جائے، سیکورٹی اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔ انسپکٹر صداقت نثار نے بتایا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور وہاں سیکورٹی کی بڑی ذمہ داری سیکورٹی اداروں کا کام ہے، ڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سیکورٹی اہلکاروں کی چیکنگ کیلئے بھی پولیس افسران کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔