ایبٹ آباد ۔ پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے رہنما سید سلیم شاہ نے ایبٹ آباد کے حلقہ این اے۔ 17 سے انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیدیا، اگر عمران خان اسی حلقہ سے انتخاب میں حصہ لیتے ہیں تو وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر میدان میں اتر کر انہیں شکست سے دوچار کریں گے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پورے پاکستان سے جیت جائیں گے تو یہ اس کی بھول ہے، اگر حلقہ این اے 17 سے عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کروائے تو ان کے مقابلہ میں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیکر انہیں شکست فاش سے دوچار کریں گے۔
سید سلیم شاہ نے کہا کہ عوام اب باشعور ہوچکے پی ٹی آئی کے چنگل میں نہیں آئینگے ، ہم وقتی نہیں حقیقی ترقی اور استحکام کیلئے جد و جہد کر رہے ہیں، عوام کا اعتماد پیپلز پارٹی کا سرمایہ ہے، اگر چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئی زعم ہے تو میدان حاضر ہے، عوام ووٹ کی طاقت سے اس بار پی ٹی آئی کا بوریا بستر گول کر کے دم لیں گے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی جہاں سیاسی ہلچل شروع ہوئی وہیں سیاستدانوں کی جانب سے بھی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔