41

عوام کا حاکم نہیں عوام کا خادم ہوں،کمشنر ہزارہ

ہریپور ۔ عوام کا حاکم نہیں عوام کا خادم ہوں،کمشنر ہزارہ کی کرسی عوام کی امانت ہے،ایڈمنسٹریشن کا مقصد عوامی مسائل سے آگاہی ان کا بر وقت حل کر نا ہے،ترقی پذیر ملک میں مسائل یقینا ہیں لیکن اگر انتظامیہ مضبوط اور فعال ہو تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز سے میٹنگ کر کے بریفنگ لی ہے،عوامی امنگوں اور توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرونگا تا کہ کمشنر آفس پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے بالخصوص لاء اینڈ اور تجاوزات کے خاتمہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا پہلے بھی ہری پور ہزارہ میں اچھا وقت گزارا،ہری پور کے عوام نے متاثرین سوات کی بھرپور مالی و معاشرتی مدد کی تھی۔

وہ اچھی یادیں ابھی تک نہیں بھلا سکا ان خیالات کا اظہار کمشنر ہزارہ شوکت علی خان یوسفزئی نے گذشتہ روز ہری پور چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر طیب خان سواتی کی قیادت میں ملنے والے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر چیف ایڈیٹر ندائے خلق ہری پور /پشاور ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی سے اپنی خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر ایگزیکٹو باڈی کے ممبران سعید عباس،چوہدری زین العابدین،احمدجان سکندر،جواد طارق نے کمشنر ہزارہ کی تو جہ ٹریڈرز کیلئے لا اینڈ ریگولیشن نہ ہو نے کی وجہ سے پید ا ہونیوالی مشکلات کی جانب مبذول کروائی،سعید عباس نے صوبہ پنجاب سے آٹا اور میدہ کی سپلائی پر عائدناجائز پابندیوں کی وجہ سے عوام بالخصوص بسکٹ اینڈ فوڈ انڈسٹریز کو در پیش مسائل کی جانب مبذول کروائی۔

جس پر کمشنر ہزارہ نے انتظامیہ کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی،صدر چیمبر طیب سواتی نے کمشنر ہزارہ کو ہری پور چیمبر کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی،ڈاکٹر چن مبارک ہزاروی نے کہاکہ ہری پور نہ صرف ہزارے کا گیٹ وے ہے۔

بلکہ صوبہ کا سب سے بڑاصنعتی زون بھی ہے ہری پور کے مسائل کے حل سے ہزارہ ڈویژن کے مسائل حل ہونگے انہوں نے شوکت علی خان یوسفزئی کی بحیثیت کمشنر ہزارہ تعیناتی کو عوامی مسائل کے حل کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں