مانسہرہ (شعیب تنولی)ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان کی سربراہی میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس لائنز بٹگرام میں ہنگامی میٹنگ کا انعقاد۔ پی آر او کی جانب سے جاری پریس ریلیز کماطبق میٹنگ میں ایس پی انویسٹیگیشن بٹگرام سعید اختر،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈی ایس پی انویسٹیگیشن، تمام ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز،انچارج چوکیات، لوئر سوبارڈینیٹس اور خصوصاً نئے بھرتی ہونے والے جوانوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری صاحب اور ڈی آئی جی ہزارہ ریجن کیپٹن ریٹائرڈ طاہر ایوب صاحب کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان نے پولیس لائنز بٹگرام میں ہنگامی میٹنگ منعقد کی۔ پشاور پولیس لائنز میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے اجتماعی دُعا کی گئی.
ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے۔ایسی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ ہم خون کے آخری قطرہ تک ان دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے رہینگے۔ڈی پی او صاحبہ نے مزید کہا کہ صرف جیکٹ و ہیلمٹ پہننا پورا نہیں بلکہ اپنے گرد و پیش پر کڑی نگاہ رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔