مانسہرہ(شعیب تنولی) بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لئے جبکہ تنخواہوں میں دس فیصد کٹوتی کے خلاف ضلع بھر کی کلرک برادری کا احتجاجی مظاہرہ، مطالبات منظوری کے لیے تین دن کی ڈیڈ لائن بصورت دیگر احتجاجی مظاہروں اور تحریک چلانے کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق کلرکس برادری کی تنظیم ایپکا کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کونسل ہال سے مرکزی ختم نبوت چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ایپکا مبشر آفتاب دلزاک،چیٸرمین کبیر جاوید یوسفزٸی،سابقہ صدر سجاد احمد،ضلعی صدر ایپکا احتشام الہی،اپٹاملک خالدگروپ صوباٸی چیٸرمین بشیر یوسفزٸی،ظہیراحمد،تاجران نماٸندہ محمد اشفاق،غلام مصطفٰی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومتی ملازمین کش پالیسیوں کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے تنخواہوں سے دس فیصد کٹوتی احکامات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔
مقررین نے کہا کہ پاکستانی عوام اور سرکاری محکمہ جات کے جملہ ملازمین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت آگیا ہے آئی ایم ایف کی عوام کش پالیسیاں ہمیں کسی صورت منظور نہیں مقررین نے مہنگائی کے تناسب سے مہنگائی الاؤنس کنوینس میڈیکل الاونس سمیت دیگر مراعات میں اضافہ کے لئے تین دن کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے تین روزہ قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا اور بصورت دیگر مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں سمیت تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔