مانسہرہ(شعیب تنولی)گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اہم تقریب کا انعقاد۔
5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں بھارت کے زیر تسلط نہتے، مجبور ، محکوم اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ محترم پروفیسر سیدعبدالواجد شاہ صاحب نے کی۔اس پروگرام میں کالج کے جملہ سٹاف اور طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
اس تقریب کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے مطالبات کی حمایت، اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف آواز بلند کرنا اور طلباء و طالبات کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے کیا گیا۔طلباء و طالبات کے خیالات کے اظہار کے لیے تقریر اور مضمون نویسی کے مقابلے رکھے گئے تھے جن میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اردو اور انگریزی زبان میں علیحدہ علیحدہ مضامین و تقاریر کے مقابلے رکھے گئے۔
” مسئلہ کشمیر عالمی تناظر میں” کے عنوان سے طلباء و طالبات نے اردو و انگریزی زبان میں معیاری مضامین تحریر کیے اور عمدہ تقاریر کر کے مسئلہ کشمیر پر سیر حاصل بحث کی۔
اردو سیکشن(اردو مضامین و تقاریر) کے ججز کی خدمات صدر شعبہ اردو پروفیسر ممتاز حسین صاحب ، ڈاکٹر سدھیر احمد صاحب ، پروفیسر عاقب حسین شاہ صاحب اور پروفیسر سرمد خان صاحب نے سرانجام دیں جبکہ انگریزی سیکشن کے نتائج پروفیسر ناصر اعوان صاحب نے مہیا کیے۔
اردو مضمون نویسی کے مقابلے بعنوان” مسئلہ کشمیر عالمی تناظر میں” میں شعبہ فزکس میقات پنجم سے عمر زیب پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔شعبہ اردو میقات پنجم سے صیام منظور اور قمر نذیر مغل نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ فرسٹ ایئر کے طالب علم شہباز احمد تیسری پوزیشن لینے میں کامیاب ہوئے۔
اردو کے تقریری مقابلے میں بھی طلباء و طالبات نے خوب گرمجوشی سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔اردو تقریری مقابلے میں شعبہ اردو میقات ہفتم سے فضا زیب نے پہلی ، شعبہ زوالوجی میقات سوم سے کرن ایاز نے دوسری جبکہ شعبہ علوم اسلامیہ میقات پنجم سے اقراء زیب اور شعبہ کیمسٹری میقات اول سے عمیر شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
انگریزی زبان میں بھی طلباء و طالبات نے معیاری مضامین تخلیق کیے اور بہترین تقاریر پیش کیں۔انگریزی مضون نویسی میں شعبہ انگریزی میقات اول کے طالب علم عاقل الرحمن پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے اور شعبہ زوالوجی میقات پنجم سے کائنات پرویز نے انگریزی تقریر میں پہلی پوزیشن لی۔
اس کے بعد پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ محترم سیدعبدالواجد شاہ صاحب نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا پس منظر ، تاریخی حقائق اور موجودہ حالات و واقعات کا بیان کیا۔انھوں نے ہر سطح پر کشمیر کی مظلوم عوام کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی۔
انھوں نے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت سے بھی طلباء و طالبات کو آگاہ کیا اور آئندہ بھی اس طرز کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔
آخر میں مفتی محمد فیصل صاحب نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی اور تمام امت مسلمہ کی خیر و عافیت ، بھائی چارے ، اتحاد اور امن و سلامتی کی دعا کی۔انھی دعائیہ کلمات کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔
تقریب کے اختتام پر طلباء و طالبات منظم طریقے سے گراونڈ میں کھڑے ہوئے اور ایک دوسرے کے ہاتھوں کو تھام کر زنجیر کی صورت کشمیر لکھ کر
کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا منفرد اظہار کیا۔
یاران جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت
جنت کسی کافر کو ملی ہے نہ ملے گی