ایبٹ آباد ۔ تعمیر وطن پبلک سکولز اینڈ کالجز‘گروپ آف ایجوکیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرکم پرنسپل ملک احسن سعید نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں تعمیر وطن کے طلباء وطالبات قومی اوربین الاقوامی سطح پر یونیورسٹیز میں نہ صرف جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گے بلکہ پوزیشنیں بھی حاصل کریں گے۔تعمیر وطن نے ملک کی مختلف میڈیکل اورانجینئرنگ یورسٹیز میں داخلوں کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔
تعمیروطن کے 108طلباء وطالبات مختلف میڈیکل اورانجینئرنگ یورسٹیز میں میرٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔تعمیرین طلباء وطالبات نہ صرف ملک کی بڑی یونیورسٹی میں سلیکٹ ہوئے بلکہ پوزیشنیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔وہ ایبٹ آباد اورمانسہرہ کیمپسز میں منعقدہ انٹری ٹیسٹ کے دوران طلباء وطالبات کے والدین سے خطاب کررہے تھے۔
ملک احسن سعید نے کہا کہ تعمیر وطن انتظامیہ کا آئندہ چار سال کا ہدف ہے کہ تعمیر وطن کے طلباء وطالبات بین الاقوامی سطح پریونیورسٹیز میں نہ صرف منتخب ہوں بلکہ ان یونیورسٹیز میں پوزیشنیں بھی حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کا انتظامیہ سے تعاون بہت ضروری ہے۔ہمیں اپنے بچوں کی بہترین تربیت کرنی ہوگی۔ہمارے بچے قرآن کی تعلیمات پر عمل کریں گے اورمحنت کواپنا شعار بنائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ کامیابی ان کے قدم نہ چومے۔تعمیر وطن انتظامیہ پرائمری سطح پر بچوں کی بہترین تربیت کا پلان مرتب کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کیمپس میں بچوں کو قرآن پاک حفظ کروانے کا پروگرام شروع کررکھا ہے۔
17بچوں نے 10سپارے حفظ کرلئے ہیں۔یہاں سے فارغ التحصیل بچے بہترین حفاظ بنیں گے۔عصری تعلیم بھی حفاظ بچوں کا بنیادی حق ہے۔انتظامیہ حفاظ بچوں کو بھی عصری تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہی ہے۔تعمیر وطن انتظامیہ نے ساتوں اورآٹھویں کلاس میں مطالعہ قرآن کے کتاب متعارف کروادی ہے۔تعمیر وطن میں علمائے کرام بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔