28

خیبر پختونخوا میں بلین ٹری،مالم جبہ اور بی آر ٹی منصوبہ میں بڑی کرپشن ہوئی،مولانا عبدالغفورحیدری

ایبٹ آباد . جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل ایوزیشن لیڈر سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات عدلیہ کے فیصلہ کے مطابق کروائے۔ وفاق میں قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔خیبر پختونخوا میں بلین ٹری،مالم جبہ اور بی آر ٹی منصوبہ میں بڑی کرپشن ہوئی ہے۔

قومی سطح پر بھی ماضی کی حکومت کی کرپشن کی بڑی داستانیں ہیں۔وہ ہفتہ کو یہاں ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے ضلع ایبٹ آباد کے امیر مولانا انیس الرحمن،جنرل سیکرٹری مولانا غلام مجتبیٰ،مولانا الطاف الرحمن اورلانا خالد محمود بھی موجود تھے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام مولانا عبدالغفور حیدرنے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سابق حکومت میں ہو‘ نئی شرائط کا موجودہ حکومت جائزہ لے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا تمام تر سہرا عمران خان کی حکومت کا جاتا ہے جس سے غریب عوام متاثرہ ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کو سبز باغ دکھائے۔غریبوں کو سستے گھروں کی فراہمی اورنوجوانوں کو نوکریاں دلانے کے دعویداروں نے عوام کو مایوس کیا۔

روپے کی قدر تحریک انصاف کے دور میں کمی ہوئی۔عمران خان اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت داؤ پر لگادی۔ اتحادی حکومت میں کابینہ میں شامل مشیر بغیر مراعات کام کر رہے ہیں جس کا واویلا مچایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ جس کی ضرورت ہے وہ کرپشن کو روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں بڑی مالی بے ضابطگیاں کی ہیں۔مالم جبہ سکینڈل،بلین ٹری منصوبہ اور بی آر ٹی اس کی واضح مثال ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں