ایبٹ آباد . یونین کونسل بیرن گلی ویلج کونسل اندر سیری، محلہ بنڈیالی میں چوری کی سنگین واردات،ایک ہی رات میں تین گھر لوٹ لیے گئے۔ اہل خانہ کا قیمتی سامان سے محروم۔ چور بارہ لاکھ کا سامان لے اڑے۔ اہل علاقہ شدید تشویش میں مبتلا۔
چوروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایبٹ آباد میں ٹھنڈیانی سے منسلک گاؤں اندر سیری کے محلہ بنڈیالی میں چوری کا ایک سنگین واقعہ ہوا ہے۔بنڈیالی کے بالائی حصہ ڈنّہ میں چوروں نے ایک ہی رات میں تین گھروں کا صفایا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق محلہ ڈنّہ میں واقع علاقے کی معروف سیاسی سماجی شخصیت غلام قادر گجر کے گھر سمیت محمد نزیر گجر اور عبدالوحید گجر کے گھر لوٹ لیے گئے۔ علاقے میں آبادی کی کمی بعف اور سردی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور تقریبا 12 لاکھ کا قیمتی سامان ساتھ لے گئے ذرائع کے مطابق ان گھروں کے مقیم سردیوں میں شہروں میں شفٹ ہو جاتے ہیں اور گرمیوں میں واپس گاؤں چلے جاتے ہیں۔
علاقے کی اکثر آبادی روزگار کے سلسلے میں یا بچوں کی تعلیم کے حوالے سے شہروں میں مقیم ہے لیکن غمی، خوشی کے موقع پر اور گرمیوں میں گھر آباد ہوتے ہیں۔ یہ بیرنگلی کا ایک پرامن سمجھا جانے والا علاقہ ہے اور اس واقعے کے بعد اہل علاقہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں ۔
اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کے ذریعے ملزمان تک پہنچا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ علاقے کے منتخب نمائندوں اور سیاسی و سماجی عمائدین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا تدارک ہوسکے۔