مانسہرہ ۔ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ترکی اور شام میں زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی اور متاثرین کے لیے امدادی سامان اکٹھا کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف، اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ، اسسٹنٹ کمشنر بفہ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، تحصیل انتظامیہ، مخیر حضرات اور دیگرایسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء پر واضح کیا کہ ترکی میں انے والے زلزلے سے ایک بڑا انسانی المیہ پیدا ہو چکا ہے۔
لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جنہیں ہماری ضرورت ہے۔
اس اجلاس کا مقصد عام لوگوں کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ ایک مسلم ملک ہونے کے ناطے ترکی اور شام میں زلزلے سے بے گھر اور ضرورت مند بھائیوں کی مدد کرنا ہماری اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔
تمام عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں دل کھول کر عطیات دیں۔