مانسہرہ ۔ صوبے میں خوراک کے معیار اور صفائی ستھرائی کویقینی بنانے کے لئے ریسٹورنٹس کی سٹار ریٹنگ کے حوالے سے پالیسی مرتب کی گئی ہے ، ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی خان
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی خان نے کہا ہے کہ فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں خوراک کے معیار اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے صوبے کی ریسٹورنٹس کی سٹار ریٹنگ کے حوالے سے پالیسی مرتب کی ہے۔
جس کے تحت پورے صوبے کے ریسٹورنٹس کو ون سٹار، ٹو سٹار، تھری سٹار، فور سٹار اور فائیو سٹار کیٹیگری میں تقسیم کیا جائیگا۔انھوں نے پالیسی کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ریسٹورنٹس کو سٹار ریٹنگ کے لئے پالیسی میں پیرامیٹرز کا تعین کیا ہے۔
ون سٹار ریسٹورنٹ کے درجے کے حصول کیلئے اٹھارہ، ٹو سٹار کیلئے اٹھائیس ،تھری سٹار کیلئے سینتیس،فور سٹار کیلئے 43 اور فائیو سٹار کیلئے اڑتالیس پیرامیٹرز مقرر کیے گئے ہیں۔شاہ رخ علی خان نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی ماہرین پر مشتمل ٹیم آزمائشی بنیادوں پرپشاور ریجن کے ریسٹورنٹس کی انسپکشن کا آغاز کر چکی ہے۔
انھوں نے صوبے کے تمام ریسٹورنٹس مالکان سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر سے سٹار ریٹنگ کے حوالے سے تفصیلی پمفلٹ یا فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیج سے تفصیلات اور معلومات حاصل کریں۔
انھوں نے ریسٹورنٹس انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد تمام ہائی جین اور کوالٹی پیرامیٹرز پوری کریںاور آسانی سے سٹار رینکنگ کے حصول کو یقینی بنائیں، ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی خان نے کہا کہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
انھوں نے کہا کہ اتھارٹی کاروباری حضرات کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اس لئے ضروری ہے کہ وہ بھی معیاری خدمات کی عوام کو فراہمی یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ فی الوقت سٹار ریٹنگ کی کوئی فیس نہیں ہے ۔