19

منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ضروری ہے کہ ہر ملازم اپنی ڈیوٹی کوبخوبی سرانجام دیں

لوئر کوہستان ۔ ضلعی پولیس سربراہ کا پولیس لائن لوئر کوہستان میں پولیس ملازمین کے مسائل سننے کیلئے دربار کا انعقاد۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ لوئر کوہستان محمد اشتیاق نے پولیس ملازمان کے مسائل سننے کیلئے پولیس لائن لوئر کوہستان میں دربار کا انعقاد کیا جس میں ایس پی انوسٹی گیشن لوئر کوہستان سردار جہانگیر ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مطلوب خان، ایس ڈی پی او سرکل بنکڈ رانولیاء وحید خان،ضلع لوئر کوہستان کے تمام تھانہ جات ،چوکیات کے ملازمین سمیت دفتری سٹاف لوئر کوہستان نے شرکت کی۔

دربار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد تلاوت کلام پاک جناب ڈی پی لوئر کوہستان نے جملہ شرکاء کو دربار کے اغراض و مقاصد سے بریف کیا اور شرکاء کو اپنے جائز مطالبات پیش کرنے کا موقع دیا ۔پولیس ملازمان نے اپنےجائزمطالبات اورمسائل پیش کیے ڈی پی او لوئر کوہستان نے فردًا فردًا تمام ملازمین کے مسائل سنے اورموقع پر احکامات جاری کیے اور کہا کہ پولیس ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاکر حل کئے جائیں گے۔

موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ملازمیں کو سیکورٹی کے حوالے سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آجکل پولیس دہشت گردوں کے نشانہ پر ہیں اپنی سیکورٹی کا خیال رکھتے ہوئے بلٹ پروف جیکٹ اور ہلمٹ کا استعمال لازمی کریں ۔ فارنرز کے مومنٹ کے دوران اُن کی سیکورٹی کا خاص خیال رکھیں۔

ڈی پی او لوئر کوہستان نے اس موقع پر ملازمین پر زور دیا کہ علاقے سے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ضروری ہے کہ ہر ملازم اپنی ڈیوٹی کوبخوبی سرانجام دیں۔

منشیات فروشوں پر کڑی نگرانی رکھتے ہوئے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔اگر اس جرم میں کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو اسے کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔امیر ہو یا غریب ہر فرد قابل عزت ہے،مظلوم کی داد رسی کریں، لوگوں کو انصاف فراہم کریں، لوگوں کو عزت دیں، عوام سے آپ کا رویہ انتہائی اچھا ہونا چاہیے، آدمی کی عزت اس کے کام سے ہوتی ہے اور دوران ڈیوٹی محنت لگن اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں۔

محکمہ کے ساتھ وفادار رہیں جس نے ہمیں معاشرے میں ایک مقام اور پہچان دی ہے۔ محکمہ کی عزت اور وقار کے لئے اپنی کارکردگی اور کردار میں بہتری لائیں اور ایسے کاموں سے اجتناب کریں جس سے محکمہ کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑے۔
دربار کے اختتام پرملک پاکستان کی سلامتی ،خوشحالی اور شہدائے پولیس کے لئے خصوصی دعاکی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں