مانسہرہ ۔ گورنمنٹ کالج مانسہرہ میں ایک روزہ انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں جرمنی سے آۓ ہوۓ مہمان مقررین ایرفرٹ یونیورسٹی جرمنی سے منسلک پروفیسر ڈاکٹر جمال ملک اور معروف افسانہ نگار اور ادیبہ اور بون یونیورسٹی کی ادب اور لسانیات کی پروفیسر بشریٰ اقبال ملک نے خطاب کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن اور پروفیسر سید عطاء اللہ شاہ نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔پروفیسر ڈاکٹر جمال ملک نے اپنے مقالے میں علوم اسلامیہ کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے بیرون ملک دستیاب مواقع پر گفتگو کی جبکہ بشریٰ اقبال ملک نے عالمی سطح پر تانیثی ادب اور اردو ادب میں تانیثیت کے موضوع پر مقالہ پیش کیا۔ مقالات کے بعد سوال و جواب کی نشست میں حاضرین کے سوالوں کے جواب دیے گۓ۔
سیمینار میں کالج کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کا انعقاد کالج کے شعبہ علوم اسلامیہ اور شعبہ اردو نے مشترکہ طور پر کیا تھا-تقریب کے آخر میں گورنمنٹ کالج مانسہرہ کے پرنسپل پروفیسر ریاض حسین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سیمینار میں ان کی گفتگو کو انتہائ مفید قرار دیا۔