بٹگرام ۔ منشیات بالخصوص آئس کے خاتمے اور قلع قمع کیلئے بٹگرام پولیس کی جانب سے یونیورسٹی کیمپس بٹگرام میں آگاہی سیمینار کا انعقاد۔سیمینار میں ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان کا بطور مہمان خصوصی شرکت۔
اس موقع پر ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان نے منشیات کے نقصانات کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم دور حاضرکا اہم تقاضا ہے، تعلیم ہمیں شعور دیتی ہے اس لئے طلباء کو منشیات کا استعمال زیب نہیں دیتا۔ منشیات بالخصوص (آئس) کے سوداگروں کے قلع قمع اور معاشرے کو منشیات کی وباء سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے ۔
سماج دشمن عناصر نوجوانوں کو منشیات بالخصوص (آئس) کی دلدل میں پھنسا کر ان کا مستقبل داؤ پر لگانا چاہتے ہیں ان کی اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے والدین اور اساتذہ کرام کو بھی اپنا بھرپور کردارادا کرنا ہوگا کیونکہ آئس کا عادی شخص نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کی زندگیوں کیلئے بھی خطرے کا سبب بنتا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او صاحبہ نے ٹریفک کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ٹریفک قوانین پر عمل کرنا چاہئے۔ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے پیاروں کو بھی اس بارے میں تاکید کریں۔آخر میں یونیورسٹی کیمپس انتظامیہ نے ڈی پی او صاحبہ کا ایسے مفید سیمینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔