مانسہرہ ۔ ہزارہ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر اور ڈین نیچرل اینڈ کمپیوٹیشنل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس سے قبل پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد6مارچ 2020سے 6مارچ 2023سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دے چکے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محسن نوازہزارہ یونیورسٹی اور خیبر پختونخواہ کے سائنسی و تحقیقی حلقوں میں ایک معتبر نام ہیں اور بالخصوص شعبہ کیمسٹری کے لئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے 20سال قبل بحیثیت لیکچرارہزارہ یونیورسٹی جوائن کی اور ان کا شمار یونیورسٹی کے اولین اساتذہ کرام میں ہوتا ہے ۔ڈاکٹر محسن نے یونیورسٹی کے قیام کے ابتدائی سالوں میں پیش آنے والے ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کیا اور تمامتر درپیش مسائل اور وسائل کی کمی کے باوجود یونیورسٹی کے کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر سائنسی شعبہ جات کے قیام میں کامیابی حاصل کی ۔انہوں نے اپنی تعلیمی قابلیت ، مہارت اور تجربے کو استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی کی ہمہ جہت ترقی کے لئے شاندار خدمات سر انجام دیں ہیں۔
ڈاکٹر محسن یونیورسٹی کی مختلف انتظامی باڈیز کے ممبر ہیں اور یونیورسٹی کے تعلیمی تحقیقی اور انتظامی امور کو شفافیت کے ساتھ بہترین انداز میں چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ ان کی قیادت میں تعمیر و ترقی کی نئی منازل طے کرے گی۔