خیبرپختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل ذوالفقار حمید نے صوبے کی پولیس ہیڈکوارٹرز میں پہلی بار براہ راست کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے شہریوں نے پولیس سے متعلق اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل پیش کیے۔ یہ تقریب سینٹرل پولیس آفس پشاور کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی جس میں آئی جی پولیس نے ہر شکایت کو غور سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو فوری اور شفاف حل کی ہدایات دیں۔
کھلی کچہری میں شرکاء نے تھانوں میں مسائل کے حل میں سست روی، تفتیشی عمل میں تاخیر، منشیات کی روک تھام، گھریلو جھگڑوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی جیسے اہم مطالبات اٹھائے۔ آئی جی ذوالفقار حمید نے تمام شکایات پر براہ راست احکامات جاری کیے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایس پی کمپلیٹ سیل سی پی او کو فوری ہدایات دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کی خدمت اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دینا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ہفتے میں کم از کم دو بار بروز پیر منگل اور جمعرات عوام کے مسائل براہ راست سنیں گے اور ایسی کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کی آواز براہ راست ان تک پہنچ سکے اور پولیس نظام میں عوامی خدمت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کھلی کچہری کے انعقاد کو انتہائی سراہا اور آئی جی پولیس کا عوام کے درمیان بیٹھ کر ان کے مسائل سننے اور حل کے احکامات جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ یہ اقدام صوبائی پولیس کی تاریخ میں ایک اہم قدم ہے جو عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
آئی جی پولیس کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات
