مانسہرہ اور مظفرآباد پولیس نے برارکوٹ میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا، جسے امن و امان کے قیام کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی ہدایت اور ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے حکم پر ہونے والے اس آپریشن کی قیادت ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان نے کی۔ آپریشن میں تھانہ گڑھی حبیب اللہ پولیس، مظفرآباد پولیس کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ ساتھ لیڈیز پولیس کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔
کارروائی کے دوران کرایہ داروں کے کوائف کی تصدیق، مشکوک مقامات کی تلاشی، اور غیر قانونی اسلحہ سمیت ممنوعہ اشیاء کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ برارکوٹ ایک حساس بارڈر ایریا ہے جہاں آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کی سرحدیں ملتی ہیں، اس لیے وہاں مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مشترکہ آپریشنز جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر حکمت عملی کا حصہ ہیں۔