پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی اور یونیسف کے درمیان بچوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے یادداشتِ مفاہمت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کی تقریب صوبائی اسمبلی میں اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔
تقریب میں اسپیکر بابر سلیم سواتی نے یونیسف کے وفد کو اسمبلی کا تفصیلی دورہ کرایا اور انہیں ایوان کی تاریخی اہمیت، پارلیمانی اقدار اور قانون سازی کے عمل سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ صوبے میں بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو تعلیم، صحت اور سماجی انصاف کے شعبوں میں نئے مواقع فراہم کرے گا۔
یادداشت پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے اسپیشل سیکریٹری سید وقار شاہ جبکہ یونیسف کی جانب سے چیف فیلڈ آفیسر پشاور رادو سلاک رزاک نے دستخط کیے۔ اس موقع پر یونیسف کے کنٹری ریپریزنٹیٹیو پاکستان، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام خان، رکن اسمبلی تاج ترند اور ایکٹنگ سیکریٹری اسمبلی سید محمد ماہر بھی موجود تھے۔
معاہدے کے مطابق یونیسف اور خیبرپختونخوا اسمبلی بچوں کی تعلیم، صحت، صنفی مساوات، نوجوانوں کی شمولیت اور پالیسی سازی کے عمل میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔