خیبرپختونخوا پولیس کی سیاح دوست پالیسی: مانسہرہ میں پولیس اہلکاروں کی تربیت مکمل

49

مانسہرہ: خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پروفیشنل رویے کو فروغ دینے کے لیے پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اور صوبے میں سیاحت کے فروغ میں کردار ادا کرنا تھا۔

یہ تربیتی سیشن انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایت پر، ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ہزارہ ریجن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران ایس پی سٹی مانسہرہ، ریشم جہانگیر نے سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ برتاؤ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں سے صرف سیکیورٹی سے متعلق ضروری معلومات لی جائیں اور غیر ضروری سوالات یا بے جا بات چیت سے اجتناب کیا جائے۔

ریشم جہانگیر کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کا خوش اخلاق اور مددگار رویہ نہ صرف ادارے کی ساکھ بہتر بناتا ہے بلکہ پاکستان کی سیاحتی صنعت کو بھی فروغ دیتا ہے۔ تربیت کے دوران اہلکاروں کو مختلف چیلنجز سے نمٹنے، سیاحوں سے گفتگو کے آداب اور فرائض کی انجام دہی کے دوران بہتر رویہ اپنانے سے متعلق تفصیلی رہنمائی دی گئی۔

ریجنل پولیس آفیسر، ناصر محمود ستی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو سیاحوں کے لیے ایک محفوظ اور پرکشش مقام بنانے کے لیے ایسی ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا، تاکہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف سیاحوں میں اعتماد پیدا کرتے ہیں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں