پشاور: خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کی جانب سے غیر معیاری اور غیر قانونی ادویات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بڑی تعداد میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ محکمہ صحت کے مطابق جنوری سے اگست 2025 تک صوبے بھر میں 10 ہزار 29 انسپکشنز کیے گئے جبکہ 9 ہزار 588 نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھجوائے گئے۔
ترجمان کے مطابق اس دوران 253 کیسز درج کیے گئے، 1416 غیر قانونی ادویات ضبط ہوئیں، 41 مقدمات درج کرکے ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا اور 120 میڈیکل اسٹورز و دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔