ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔
ڈی پی او نے انسپکٹر ٹریفک انس خان کو ٹیلی فونک ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا اصل مقصد عوام کی سہولت اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے، لہٰذا ڈسپلن پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ عوامی خدمت کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹریفک اسٹاف کے ڈسپلن میں بہتری ناگزیر ہے اور اس حوالے سے کسی اہلکار کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔