مانسہرہ پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے نوجوان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی آئی ٹی ٹیم سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں کی نگرانی میں مصروف ہے تاکہ قانون شکن عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق، فیس بک پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم محمد حسن ولد گلاب خان سکنہ تنوھا تھکراں کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ اوگی میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش، فحاشی یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع مانسہرہ میں قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا ایک مثبت، تعلیمی اور معلوماتی پلیٹ فارم ہے، جسے معاشرتی بھلائی اور روشن مستقبل کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ اس کا غلط استعمال نہ صرف فرد کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ معاشرے کے امن و امان کو بھی متاثر کرتا ہے۔
مانسہرہ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔