سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو اور شہریوں کی شکایات پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللّٰہ گنڈہ پور نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
ڈی پی او کی ہدایات پر ایس پی ٹریفک شاہنواز خان کی نگرانی اور ڈی ایس پی ارشد خان کی زیرِ نگرانی انچارج ٹریفک انسپکٹر انس خان بمعہ ٹریفک سٹاف نے کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں بدتمیزی کرنے والے اڈا منشی کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ ویڈیو میں مذکور شخص کو خواتین سواریوں کے ساتھ بدسلوکی اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق واقعے کے بعد اڈہ مالکان اور منشیوں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں واضح ہدایت دی گئی کہ آئندہ سواریوں کے ساتھ عزت و احترام اور مہذب انداز میں پیش آیا جائے۔ پولیس حکام نے واضح کیا کہ بدسلوکی یا توہین آمیز رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور عزتِ نفس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور مسافروں کو محفوظ اور باعزت سفری سہولیات فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ اگر مستقبل میں کسی بھی بدسلوکی یا خلاف ورزی کا سامنا ہو تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
شکایات درج کرانے کے لیے نمبر:
ٹریفک کنٹرول: 0997391156
ڈسٹرکٹ پولیس کنٹرول روم: 0997920110