پشاور: قائمقام انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا محمد علی بابا خیل نے صوبے بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر اور بروقت بنائی جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جا سکے۔
یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ویڈیو لنک سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیں، جس میں ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کے علاوہ سی ٹی ڈی، آپریشنز، اسپیشل برانچ، کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور سی سی پی او پشاور سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
محمد علی بابا خیل نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی باشندوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ غیر ملکیوں کی رہائش گاہوں اور منصوبہ جاتی مقامات کی سخت نگرانی کے ساتھ باقاعدہ سیکیورٹی آڈٹ بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے، پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) منصوبوں کے فول پروف انتظامات، تھریٹ الرٹس کی روشنی میں سرچ اینڈ سٹرائیک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے انعقاد پر بھی زور دیا۔ مزید برآں اہم سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔