مانسہرہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایات پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی سٹی کیڈٹ فاروق، ڈی ایس پی بفہ پکھل شاہجہان خان سمیت سٹی ڈویژن کے تمام ایس ایچ اوز شریک ہوئے۔
اجلاس میں ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور کرائم کنٹرول کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایس پی سٹی نے افسران کو ہدایت دی کہ اشتہاری ملزمان اور پروکلیمڈ آفینڈرز کی گرفتاری کو اولین ترجیح بنایا جائے اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ عوام کو حقیقی تحفظ فراہم ہو سکے۔
میٹنگ میں زیر التواء شکایات اور پینڈنگ مقدمات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایس پی سٹی نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کو فوری حل کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا کردار صرف قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ عوامی خدمت اور انصاف کی فراہمی بھی ہے۔
ریشم جہانگیر نے اس بات پر زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کے ساتھ بدسلوکی یا غیر ضروری سختی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور ہر افسر اپنے عمل سے پولیس کا مثبت امیج اجاگر کرے۔
اجلاس کے اختتام پر ایس پی سٹی نے کہا کہ پولیس فورس کا ہر اہلکار ضلع مانسہرہ کو پرامن بنانے کے مشن کا حصہ ہے، اور جرائم کے خاتمے کے ساتھ عوامی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔