مانسہرہ پولیس نے تھانہ صدر کی حدود چھانجہ میں زمین کے تنازعے پر پیش آنے والے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں نامزد پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک مفرور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق 18 اگست 2025 کو لنک روڈ چھانجہ پر زمین کے جھگڑے کے دوران دو فریقین کے مابین تصادم ہوا تھا جس میں دو بھائی، عتیق الرحمن اور شعیب، شدید زخمی ہوئے۔ بعد ازاں شعیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر اور ایس ایچ او تھانہ صدر عامر حسین کو ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا۔ پولیس ٹیموں نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور خفیہ معلومات کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کی اور بھرپور کارروائی کے بعد پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ہونے والے ملزمان میں مشتاق ولد سرور، وسیم ولد اشرف، سلیم ولد سرور، عنیز ولد سلیم اور حزیفہ ولد سلیم شامل ہیں، جبکہ ایک ملزم حارث ولد مشتاق تاحال فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ صدر عامر حسین، انوسٹی گیشن آفیسر انور تنولی اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کسی رعایت کے بغیر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔