مانسہرہ: سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ، دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

55

مانسہرہ پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز اپلوڈ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر تھانہ لاری اڈہ کے ایس ایچ او فیصل خلیل نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان، انس ولد واجد اور سردار اعجاز ولد سردار یعقوب، ساکنان منڈیاں کوٹکے، کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 9 ایم ایم پستول اور ایک عدد 7.62 بور کلاشنکوف برآمد کی گئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش، فحاشی یا معاشرتی بگاڑ پیدا کرنے والے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں