اضلع مانسہرہ کے مختلف سیاحتی مقامات پر رات سے جاری بارش اور برفباری نے موسم کو انتہائی سرد اور دل کش بنا دیا ہے۔ بند ترین چوٹی ملکہ پربت، وادی منور کے پہاڑوں اور بابو سر کے علاقوں میں شدید بارش کے ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ گئی۔ اسی طرح بٹہ کنڈی میں بھی پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کی وجہ سے وادی کاغان کا موسم مزید سرد اور پراسرار ہو گیا ہے۔
تحصیل بالاکوٹ کے دیگر علاقوں گڑھی حبیب اللہ، پارس، جرید، شوگران، کیوائی اور مہانڈری میں بھی موسلادھار بارشوں نے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا۔ دوسری جانب مانسہرہ کی سرن ویلی میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت کم ہو گئی اور دریائے سرن سمیت تمام ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ آج صبح سویرے مانسہرہ شہر اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس نے گرمی کو مکمل طور پر دور کر دیا۔ بفہ، شنکیاری، چھترپلین، عطر شیشہ، دربند، اوگی اور تناول میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے مقامی لوگوں کو راحت ملی۔
یہ بارش اور برفباری نہ صرف موسم کو تازگی بخش رہی ہے بلکہ سیاحوں کے لیے بھی ایک خوبصورت منظر پیش کر رہی ہے، البتہ متعلقہ حکام نے مسافروں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔ مانسہرہ کا یہ موسم سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔
مانسہرہ میں رات بھر کی بارش اور برفباری سے موسم خوبصورت اور سرد ہو گیا
