مانسہرہ میں سوشل میڈیا پر فحاشی، اسلحہ کی نمائش، منشیات فروشی اور جنگلات کی کٹائی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا اعلان

79

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ضلع بھر میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال، اسلحہ کی غیر قانونی نمائش، منشیات فروشی اور قدرتی جنگلات کی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

ڈی پی او کی جانب سے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو جاری کردہ حکم نامے میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کی جائے، اور اگر کسی سطح پر کوتاہی سامنے آئی تو متعلقہ پولیس افسر کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

ڈی پی او کے مطابق، سوشل میڈیا خصوصاً ٹک ٹاک پر فحش مواد اپلوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کسی مرد یا خاتون کی جانب سے ایسی ویڈیو اپلوڈ کی جاتی ہے تو متعلقہ ایس ایچ او کو 12 گھنٹوں کے اندر ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کرنا ہوگی۔ مقررہ وقت میں کارروائی نہ کرنے کی صورت میں اسے فوری طور پر لائن حاضر کیا جائے گا۔

اسی طرح، سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد کے خلاف بھی فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ ایسی کسی بھی ویڈیو یا تصویر کی موجودگی پر مقدمہ درج کر کے ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا، اور اگر کسی تھانے کی حدود میں اس نوعیت کی سرگرمی سامنے آئی تو ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

قدرتی جنگلات کی کٹائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ اگر کسی بھی تھانے کی حدود میں جنگل سے درخت کاٹنے کی اطلاع ملی، یا ٹمبر مافیا کے ساتھ ملی بھگت ثابت ہوئی، تو متعلقہ ایس ایچ او کو نہ صرف لائن حاضر کیا جائے گا بلکہ اس کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

منشیات فروشی کے حوالے سے بھی ڈی پی او نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی تھانے کی حدود میں منشیات فروش سرگرم پایا گیا اور پولیس نے اس کے خلاف کارروائی نہ کی تو متعلقہ ایس ایچ او کو فوری طور پر اس کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ ضلع مانسہرہ کی سماجی اقدار، قدرتی حسن اور قانون کی عملداری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ سوشل میڈیا کو بے راہ روی یا قانون شکنی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کسی کو بھی ماحول، اخلاقیات یا امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام پولیس افسران کو حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور جو افسران اس میں ناکام رہے، انہیں کسی بھی عہدے پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں