مانسہرہ میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا اعلان

44

ضلع مانسہرہ میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور کی زیر صدارت ٹریفک افسران کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی ٹریفک شاہنواز خان، ڈی ایس پی ٹریفک ارشد خان اور انسپکٹر ٹریفک انس خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں حالیہ کریک ڈاؤن پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی پی او مانسہرہ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ پھٹے سائلنسر اور غیر قانونی موڈیفیکیشن والے موٹرسائیکلوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ اسی طرح کالے شیشے والی گاڑیوں، پریشر ہارنز، فلیشرز، ناجائز پارکنگ اور غیر قانونی منی اڈوں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ ایسے مکینکس اور دکانداروں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جو ممنوعہ اشیاء فروخت کرتے یا غیر قانونی تبدیلیاں کرتے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ ان کے کاروبار بھی سیل کیے جائیں گے۔

انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ ہر جمعہ کو خصوصی پوائنٹس پر کارروائیاں کی جائیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے زور دیا کہ قانون پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ساتھ عوام سے خوش اخلاقی اور بہتر رویہ اپنانا بھی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو سہولت اور ٹریفک نظام میں بہتری فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں