مانسہرہ: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر تین روزہ کریک ڈاؤن مکمل

182

مانسہرہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف تین روزہ خصوصی کریک ڈاؤن مکمل کر لیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈہ پور کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک شاہنواز خان کی نگرانی میں جاری رہنے والی اس مہم میں ٹریفک پولیس نے مختلف خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی۔

ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر ارشد خان، ڈی ایس پی ٹریفک سرکل بالاکوٹ خوشحال خان اور انچارج ٹریفک انسپکٹر انس خان نے اپنے عملے کے ہمراہ کارروائیوں کی قیادت کی۔ اس دوران ونڈو شیڈ، کم عمر ڈرائیونگ، بلیک پیپرز، فینسی نمبر پلیٹس، پریشر ہارن، پھٹے سلنسر اور دیگر خلاف ورزیوں پر فوری اقدامات کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق تین دن میں 22 ونڈو شیڈز، 47 کم عمر ڈرائیورز، 315 بلیک پیپرز، 254 چالان، 86 فینسی نمبر پلیٹس، 339 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو امپاؤنڈ کیا گیا جبکہ 134 پھٹے سلنسر اور 48 پریشر ہارنز ضبط کیے گئے۔

اس موقع پر ٹریفک پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو گاڑیاں یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور دیگر ممنوعہ اشیاء کا استعمال ترک کریں اور صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے منظور شدہ نمونہ نمبر پلیٹس لگائیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ون ویلنگ اور موڈیفائیڈ موٹر سائیکل کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں