مانسہرہ: تھانہ صدر کی حدود لساں ٹھکرال میں 28 سالہ محمد رضوان کو حجرے میں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے والے چار نامزد ملزمان میں سے تین کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لساں ٹھکرال کے رہائشی عدنان ولد تاج محمد نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ اس کا بھائی محمد رضوان خریداری کے لیے بازار گیا لیکن واپس نہ آیا۔ اسی دوران ملک روشن نے عدنان کو فون کرکے بتایا کہ محمد رضوان کو انہوں نے بازار سے پکڑ کر ملک ممتاز کے حجرے میں باندھ رکھا ہے۔ بعدازاں شاہ حسین ولد واجب حسین شاہ نے بھی اطلاع دی کہ محمد رضوان کو ملک سالار، کاشف ولد عجب، ملک وقاص اور ملک حاجی بازار سے اٹھا کر ملک ممتاز کے حجرے میں لے گئے ہیں جہاں اس پر تشدد کیا جا رہا ہے۔
مدعی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچا تو محمد رضوان کو رسیوں سے باندھا گیا تھا اور مذکورہ ملزمان کے ساتھ چند نامعلوم افراد بھی اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کو کارروائی کی ہدایت کی۔ ایس ایچ او تھانہ صدر عامر حسین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تین نامزد ملزمان ملک وقاص ولد شفیق، ملک سالار ولد ملک انویز اور ملک حاجی کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ علت نمبر 500 زیر دفعات 365، 342، 354، 506، 355 اور 34 تعزیراتِ پاکستان درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔