مانسہرہ پولیس نے سوشل میڈیا پر غیر قانونی اسلحہ کی نمائش کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ اقدامات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیع اللہ گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائے گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ خاکی پولیس نے تاتار بالا کے رہائشی بلال احمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے چنئی کے شہریار کو حراست میں لیا جس کے پاس سے 12 بور بندوق ملی۔ اسی طرح تھانہ شنکیاری پولیس نے ڈھوڈیال کے رہائشی تعبیر علی سے ریپیٹر جبکہ تھانہ بٹل پولیس نے چھتر پلین کے ضیاء سے 30 بور پستول برآمد کر لیا۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کو قانون شکنی یا اسلحہ کی نمائش کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات معاشرتی امن کو نقصان پہنچاتے ہیں اور مانسہرہ پولیس ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گی۔