مانسہرہ پولیس کا ٹریفک مسائل اور عوامی شکایات کے حل کے لیے کریک ڈاؤن

144

مانسہرہ: عوامی شکایات اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے مانسہرہ پولیس نے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر انسپکٹر ٹریفک انس خان کو ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ضلع بھر میں پھٹے سلنسرز والے موٹرسائیکل، غیر قانونی طور پر موڈیفائی کی گئی بائیکس اور مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔

پولیس حکام کے مطابق ٹرانسپورٹ اڈوں پر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور منشیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ خواتین کی عزت نفس کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسی طرح ضلع بھر میں کالے شیشے والی گاڑیوں، پریشر ہارنز، ہوٹرز، ناجائز پارکنگ اور غیر قانونی منی اڈوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ڈی پی او نے تین دن کے اندر اس حوالے سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی بھی خلاف ورزی پر رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں