مانسہرہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر اخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے والی خواتین کو تین روز کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے رویے میں فوری طور پر اصلاح کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف لیڈیز پولیس کے ہمراہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او کے مطابق مانسہرہ پولیس کی آئی ٹی ٹیم ایسے تمام اکاؤنٹس کو ٹریس کر چکی ہے اور ان پر چوبیس گھنٹے نگرانی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہلت کے دوران خواتین اپنے اکاؤنٹس سے غیر اخلاقی ویڈیوز حذف کریں اور پردہ و اخلاقیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اصلاحی پیغامات جاری کریں۔
ڈی پی او مانسہرہ نے واضح کیا کہ پولیس معاشرتی اقدار اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور فحاشی پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ ایک محفوظ اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
مزید برآں، پولیس حکام نے بتایا ہے کہ نازیبا اور گالم گلوچ پر مبنی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے ٹک ٹاکرز، جن کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں، عنقریب ڈی پی او آفس میں پیش کیے جائیں گے۔ ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور ان کے کردار کا جائزہ لے کر ان کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔