مانسہرہ: ڈینگی کے 76 کیسز رپورٹ، 11 فعال، محکمہ صحت کا بروقت رسپانس

39

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مانسہرہ ڈاکٹر فیصل خانزادہ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے اور محکمہ صحت کی ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ان کے مطابق اب تک ڈینگی کے کل 76 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 11 فعال ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ نان ایڈمیشن کیسز کی تعداد 276 ہے جن پر بروقت رسپانس کیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل خانزادہ نے بتایا کہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں تحصیل اوگی کی بیلیان، کٹھائی، اوگی اور شمڈارہ، تحصیل بفہ کی بفہ، عنایت آباد، دھودیال، شنکیاری اور ٹانڈا بجنہ، تحصیل مانسہرہ کی سٹی 1، سٹی 3، سٹی 4، مانسہرہ رورل، بھرکنڈ، پھلڑہ، سنڈیسر، جلو، بیہالی اور لسّان نواب جبکہ تحصیل بالاکوٹ کی بالاکوٹ اور گرلاٹ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی کنٹرول کے لیے 39 ملیریا سپروائزرز، 42 لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور 750 سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس، لاروا ختم کرنے اور دیگر اقدامات میں مصروف ہیں، جبکہ ان تمام سرگرمیوں کی نگرانی ڈینگی فوکل پرسن اور ڈسٹرکٹ میڈیکل اینٹومولوجسٹ کر رہے ہیں۔ اب تک کیے گئے اقدامات میں 1,352 گھروں میں اسپرے، 1,429 مچھر دانیاں تقسیم، 281 لاروا مثبت مقامات کا خاتمہ، 22,181 آگاہی سیشنز جن میں 94,237 افراد شریک ہوئے اور 32 یونین کونسلز میں فوگنگ شامل ہیں۔

ڈاکٹر فیصل خانزادہ نے کہا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت، مقامی حکومت، ٹی ایم ایز اور عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر جھوٹی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف محکمہ صحت و ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ کسی بھی شکایت یا مزید معلومات کے لیے دفتر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مانسہرہ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں