مانسہرہ: گنڈا میں شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، ملزم گرفتار

80

مانسہرہ پولیس نے تھانہ سٹی کی حدود گنڈا میں بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقتولہ کی شادی آٹھ سال قبل محمد رضوان نامی شخص سے ہوئی تھی جن سے اس کے دو بچے بھی ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق ملزم اپنی بیوی کو آئے روز تشدد کا نشانہ بناتا اور کئی بار گھر سے نکال دیتا تھا، تاہم بعد ازاں جرگے اور راضی نامے کے بعد واپس لے آتا تھا۔

واقعہ 9 ستمبر 2025 کو پیش آیا جب رات تقریباً 10 بجے ملزم نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو زخمی کردیا۔ بعد ازاں جب اہل خانہ ہسپتال پہنچے تو خاتون جان کی بازی ہار چکی تھی۔ مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو بیان دیا کہ ان کی بہن کی موت کی بنیادی وجہ گھریلو جھگڑے اور روزمرہ کی ناچاقیاں تھیں۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی عاصم بخاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم محمد رضوان کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں