ناران: زمین کے تنازعے پر نوجوان کے قتل کیس میں چھ ملزمان گرفتار

98

تھانہ ناران کی حدود بڑوائ میں زمین کے تنازعے پر نوجوان آمش کے قتل کے مقدمے میں نامزد چھ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جبکہ آلۂ قتل کلاشنکوف بھی برآمد کرلی گئی۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

پولیس کے مطابق 21 ستمبر 2025 کو محمد صدیق نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ بڑوائ میں لکڑیاں جمع کر رہا تھا کہ اس دوران چند افراد مکان سے پتھر نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ منع کرنے پر جھگڑا ہوا اور شور سن کر صدیق کا بیٹا آمش موقع پر پہنچا۔ جھگڑے کے دوران ملزم شاہد ولد وکیل نے اپنے ساتھی طارق ولد یعقوب کی مدد سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں آمش جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

ڈی پی او مانسہرہ کے احکامات پر پولیس نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے ملزمان وسیم ولد عبدالوکیل، جنید ولد عبدالرشید، میردل ولد عبدالقیوم، وحید ولد لعل خان، صفدر ولد راداللہ اور عبدالوکیل ولد راداللہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں