وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا آغوش الخدمت مانسہرہ کا دورہ، خدمات کی تعریف اور تعاون کی یقین دہانی

39

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے مانسہرہ میں واقع آغوش الخدمت سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الخدمت فاونڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہا اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران سیکریٹری جنرل الخدمت فاونڈیشن ہزارہ کامران ریاض اعوان اور چیئرمین آغوش الخدمت مانسہرہ عبداللہ افضل خان نے وزیر اطلاعات کو ادارے کے جاری منصوبوں اور خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آغوش الخدمت یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیم، صحت اور رہائش کے لیے کام کر رہا ہے، جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر ممبر مینجمنٹ کمیٹی آغوش منظور لغمانی اور ایڈمنسٹریٹر آغوش الخدمت واجداللہ نے وزیر اطلاعات کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی توجہ اور تعاون سے ادارے کی خدمات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
اپنے خطاب میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کی سماجی بہبود کے شعبے میں خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور الخدمت فاونڈیشن جیسے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت آغوش الخدمت کے منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔
دورے کے اختتام پر وزیر اطلاعات نے آغوش الخدمت کے عملے اور انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے ایسی فلاحی سرگرمیاں ناگزیر ہیں اور حکومت انہیں مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں