مانسہرہ – 8 ستمبر 2025:
ٹمبر اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مانسہرہ پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے تھانہ پھلڑہ کے ایس ایچ او سمیت تین پولیس کانسٹیبلز کو معطل کر دیا ہے۔ معطلی کا فیصلہ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کے بعد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز تھانہ لاری اڈہ پولیس نے بیدڑہ انٹرچینج پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر اسمگل کی جانے والی چیڑ کی لکڑی سے بھرا ایک ٹرک قبضے میں لیا۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد ڈی پی او مانسہرہ کی جانب سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ انکوائری کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹمبر اسمگلنگ میں تھانہ پھلڑہ کے ایس ایچ او اور تین دیگر پولیس اہلکاروں کی غفلت اور ممکنہ ملی بھگت پائی گئی۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اگر کسی بھی تھانے کی حدود میں غیر قانونی لکڑی کی کٹائی یا اسمگلنگ کا واقعہ رپورٹ ہوا تو متعلقہ ایس ایچ او اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مانسہرہ پولیس کا عزم ہے کہ قدرتی وسائل کے تحفظ اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے گی۔