ٹک ٹاک پر نازیبا اور غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے ٹک ٹاکر نوید عرف “دیسی بابو” کو پولیس نے عوامی شکایات پر گرفتار کرلیا ہے۔ یہ کارروائی ضلعی پولیس سربراہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر کی گئی، جنہوں نے سوشل میڈیا پر فحاشی اور گالم گلوچ کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کو مذکورہ ٹک ٹاکر کی ویڈیوز میں نازیبا زبان اور غیر اخلاقی مواد کی شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد اس کی آئی ڈی کو ٹریس کیا گیا۔ ویڈیوز کا جائزہ لینے پر الزامات درست پائے گئے، جس پر ڈی پی او مانسہرہ نے فوری طور پر تھانہ بفہ کے ایس ایچ او شجاعت قریشی کو ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔
ایس ایچ او شجاعت قریشی نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر فحش مواد، گالم گلوچ اور غیر اخلاقی حرکات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرتی اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔