“ڈرگ فری ہزارہ” کے عنوان سے ضلع ایبٹ آباد میں نارکاٹکس کنٹرول اور ذہنی صحت جیسے اہم موضوعات پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل، ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور، محکمہ صحت، تعلیم، سماجی بہبود، آبادی، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے، خصوصاً نوجوان نسل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں اجتماعی شعور اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلع مانسہرہ میں منشیات کے خلاف کی جانے والی مؤثر کاروائیوں اور سماجی اصلاحات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ “ڈرگ فری مانسہرہ” کے نام سے ایک جامع مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت متعدد بڑے ڈرگ ڈیلرز کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی ہے اور ان عناصر کو قانون کے مطابق جیل بھیجا گیا ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے مزید کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی شعور بیدار کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے مانسہرہ پولیس کی زیر نگرانی تعلیمی اداروں میں تسلسل کے ساتھ آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں نوجوانوں کو منشیات کے خطرناک اثرات اور بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس فورس نہ صرف جرائم کے خلاف کارروائی کرتی ہے بلکہ ایک سماجی تبدیلی کی قوت کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ پولیس کا ساتھ دیں تاکہ منشیات جیسے ناسور کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مانسہرہ کو ڈرگ فری ضلع بنانے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
ڈرگ فری ہزارہ: نارکاٹکس کنٹرول اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد (مانسہرہ پولیس میڈیا سیل) پریس ریلیز مورخہ 07.08.2025
