ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے تھانہ بفہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او نے تھانے کے ریکارڈ، حوالات اور مجموعی ڈسپلن کا معائنہ کیا۔ صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ایس ایچ او کو ہدایت دی کہ گشت کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر خصوصاً منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہو اور علاقے کو منشیات کے اثرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے محرر سٹاف کو بھی تنبیہ کی کہ تھانے آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں، ان کی شکایات تحمل اور خندہ پیشانی سے سن کر فوری اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات جرائم کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ تھانے عوامی مسائل کے حل کا مرکز ہیں اور ہر شہری کو انصاف دلانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔