مانسہرہ: پاکستان کے 78ویں جشنِ آزادی کے موقع پر ضلع مانسہرہ کی مرکزی تقریب ٹی ایم اے مانسہرہ کے زیرِ اہتمام بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تمام انتظامات ٹی ایم او ملک فراست اعوان اور ٹی ایم اے کے اسٹاف نے انجام دیے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر مانسہرہ بہزاد عادل، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور، چیئرمین شیخ محمد شفیع، ٹی ایم او ملک فراست اعوان، اسسٹنٹ کمشنر منیبہ فاطمہ، ای ڈی او ایجوکیشن (میل و فی میل)، ریسکیو 1122 عملہ، گورنمنٹ ہائی اسکول کی رائفل پلاٹون، اساتذہ، ٹی ایم اے اسٹاف اور شہریوں نے شرکت کی۔
سرکاری شیڈول کے مطابق صبح 7 بج کر 58 منٹ پر سائرن کی آواز کے ساتھ جشنِ آزادی کا آغاز ہوا، جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر ڈی سی، ڈی پی او، چیئرمین اور ٹی ایم او نے یادگاری پودے لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
ملی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شرکاء نے پاکستان کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ بعد ازاں جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور میونسپل لائبریری میں ہینڈی کرافٹس نمائش کا افتتاح کیا گیا۔
شام کے وقت لغمانی ہل پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس نے شہر کے قومی دن کی تقریبات کو یادگار بنا دیا۔