گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ

37

پاکستان محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے لیے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر تازہ انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 23 اگست 2025 سے بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو ان علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور کچھ مقامات پر تیز موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
ان موسمی حالات کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈز اور پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر وقت چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں۔
عوام سے گزارش ہے کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹس پر نظر رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں