مانسہرہ : صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ محترمہ ثناء فاطمہ کی زیر نگرانی لاری اڈہ مانسہرہ میں ایک بڑے اور مؤثر انسدادِ تجاوزات آپریشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹی ایم اے مانسہرہ کے متعلقہ عملے نے بھرپور تعاون کیا۔
آپریشن کے دوران تمام عارضی تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹا دیا گیا، جس سے عوامی گزرگاہیں بحال ہوئیں اور پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں روانی یقینی بنائی گئی۔ تجاوزات کے مرتکب افراد کو سختی سے تنبیہ کی گئی کہ آئندہ کسی قسم کی غیرقانونی قبضہ بازی سے گریز کریں۔
مزید براں، کچھ پختہ تعمیرات جو راستہ عامہ میں حائل تھیں، انہیں بھی منہدم کر دیا گیا، اور ٹی ایم اے حکام کو سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ آئندہ اس ضمن میں پائیدار عملدرآمد اور بلدیاتی قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔