(مانسہرہ_ڈاٹ_کام)





ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر افشین رحمان نے شہر کے اہم علاقوں کچہری روڈ، رئیس خانہ بازار، مین بازار، ایم سی بی چوک، ملک پورہ روڈ، لنک روڈ اور سربن چوک کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد بازاروں میں سرکاری احکامات پر عملدرآمد، صفائی کی صورتحال، اشیائے خوردونوش کے معیار اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا جائزہ لینا تھا۔
دورانِ معائنہ مختلف جنرل سٹورز سے نان کسٹم پیڈ (غیر قانونی) سگریٹس برآمد کیے گئے جنہیں موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔ حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
سٹیشنری شاپس کی چیکنگ کے دوران متعدد دکانوں سے غیر قانونی پاکٹ بکس اور مائیکرو گائیڈز برآمد ہوئیں، جنہیں فوری طور پر قبضے میں لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ بار بار خلاف ورزی میں ملوث پائی جانے والی مغل سٹیشنری اور اسلام آباد سٹیشنری کو سیل کر دیا گیا تاکہ امتحانی نظام کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پرائس کنٹرول اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بیکریز، دودھ کی دکانوں، جنرل سٹورز، چکن شاپس اور پکوڑا شاپس کا بھی معائنہ کیا گیا۔ اس دوران ناقص صفائی، زائد قیمت وصول کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے گئے جبکہ انہیں سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں اور سرکاری نرخنامے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
خصوصی مہم کے تحت امتحانی مراکز کے اطراف 50 میٹر کے دائرے میں سگریٹس اور پاکٹ گائیڈز کی فروخت کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی، تاکہ طلبہ کو صاف، شفاف اور نقل سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے پیش نظر ایسے دورے اور کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
📢 ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر افشین رحمان کا مختلف بازاروں کا تفصیلی دورہ، خلاف ورزیوں پر کارروائیاں تیز.
16